Pages

Wednesday 7 September 2016

مجھے نارنجی رنگ پسند نہیں - شادی سے پہلے جب میری منگیتر کو پتہ چلا تو وہ دن ہے اور آج کا دن، اس نے اپنی پسندیدگی کے باوجود اس رنگ کا لباس کبھی نہیں پہنا - اس نے کبھی یہ نہیں کہا کہ بس ایک رنگ ہی ہے نا ، کیا فرق پڑتا ہے ؟ کبھی یہ نہیں پوچھا کہ یہ رنگ پسند نہیں تو مالٹے کیوں شوق سے کھاتے ہیں - جو سوٹ اسے پسند نہ آئے، میں نہیں خریدتا ، خواہ مجھے کتنا ہی بھا رہا ہو اور جو جوتی میرے معیار پہ پوری نہ اترے ، اسے وہ کبھی نہیں لیتی خواہ کتنا ہی جی مچل رہا ہو - یہ تو دل کے معاملات ہیں اور دل دلیل نہیں مانگا کرتا - یہ تو محبت کے تقاضے ہیں جناب - - -
جب ہم اپنے محبوب رشتوں اور دوستوں کی پسند و ناپسند کا اتنا خیال رکھتے ہیں ، تو کیا نبیﷺ کی محبت کے بلند بانگ دعوے ہم سے یہ تقاضہ نہیں کرتے کہ انکی پسند و ناپسند کا بھی ویسا ہی بلکہ اس سے بڑھ کر خیال رکھیں ؟ چھوڑ دیں اس بحث کو کہ کیا واجب ہے اور کیا سنت - بس انہیں داڑھی پسند ہے اور بڑی پسند ہے تو میں رکھونگا اور بڑی رکھونگا - انہیں بڑی مونچھیں پسند نہیں تو میں کیوں رکھوں ؟ انہیں بے حجاب عورتیں بری لگتی ہیں تو میری کیا مجال کہ میں اپنی عورتوں کی نمائش لگاؤں ۔ انہیں شلوار ٹخنوں سے اوپر ہی بھلی لگتی ہے تو تکبر کی بحث رکھیں سائیڈ پہ ، میری شلوار تو اونچی ہی نظر آئیگی ۔ یہ تو دل کے معاملات ہیں اور دل دلیل نہیں مانگا کرتا !!
کیا آپکو بھی اپنے نبیﷺ سے محبت ہے ؟؟

No comments:

Post a Comment